جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کو شکست دے دی، سیریز 1-1 سے برابر

0
30

جوہانسبرگ ۔12اپریل :جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی، جنوبی افریقہ نے 141 رنز کا ہدف 14 اوورز میں ہی باآسانی حاصل کرلیا، جارج لنڈے کو شاندار آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی ففٹی رائیگاں گئی۔ پیر کو جوہانسبرگ کے وانڈررز سٹیڈیم میں کھیلے گئے 4 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 140 رنزبنائے۔ کپتان بابراعظم نے50 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ محمد حفیظ 32 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ ان کے علاوہ کوئی بلے باز جنوبی افریقی بائولرز کا سامنا نہ کر سکا۔ قومی ٹیم کو ابتدا میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، طویل عرصے بعد قومی ٹیم میں واپسی کرنے والے شرجیل خان متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے اور 8 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان اننگز کی پہلی ہی بال پر کیچ آئوٹ ہوگئے۔ دیگر بیٹسمینوں میں حسن علی اور حیدر علی 12,12 رنز بنا سکے، فہیم اشرف 5، عثمان قادر4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے جارج لنڈے اور لیزاڈ ولیمز نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، تبریز شمسی اور سیسانڈا ماگالا نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جنوبی افریقہ نے 141 رنز کا ہدف 14 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ اوپننگ بلے باز مارکرم نے مسلسل دوسرے میچ میں ففٹی سکور کی۔ وہ 54 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور تین چھکے شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کپتان کلاسن نے 36 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرنے والے لنڈے نے 20 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ پاکستان کی بائولنگ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں ناکام نظر آئی۔ تمام بائولرز نے خوب رنز دیئے۔ عثمان قادر نے دو جبکہ حسن علی اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جنوبی افریقہ کے جارج لنڈے کو شاندار آل رائونڈ کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ جنوبی افریقہ نے اس کامیابی کے بعد چار ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here