دورہ آسٹریلیا , بھارتی کرکٹ ٹیم کے 9 کھلاڑی ان فٹ

0
78

نئی دہلی۔12جنوری  :دورہ آسٹریلیا کے دوران بھارتی کرکٹ ٹیم کے اب تک 9 کھلاڑی زخمی ہوچکے ہیں‘ محمد شامی، امیش یادو، رویندر جدیجہ، ہنوما وہاری اور جسپریت بھمراہ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کو انجریز کی وجہ سے حتمی الیون کے انتخاب میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بھارتی ٹیم کے فاسٹ باولر جسپریت بھمراہ تیسرے ٹیسٹ کے آخری روز پیٹ میں کھچاﺅ کے باعث ان فٹ ہو کر آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ نے انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کو مدنظر رکھتے ہوئے بھمراہ کو آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ میں شامل نہیں کیا۔ اس کے علاوہ روی چندرن ایشون، کے ایل راہول، مینک اگروال اور ریشبھ پانٹ بھی انجری کا سامنا کر رہے ہیں۔ آخری ٹیسٹ مچ سے پہلے ان اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہونے سے بھارتی ٹیم مشکل صورتحال سے دوچار ہوگئی ہے۔ سڈنی ٹیسٹ کے آخری روز ساڑھے تین گھنٹے بیٹنگ کرتے ہوئے روی چندرن ایشون فٹنس مسائل کا شکار ہوگئے تھے۔ ہنوما وہاری کے متبادل مینک اگروال بھی ٹریننگ کے دوران ہاتھ میں چوٹ لگنے سے ان فٹ ہوگئے۔ سڈنی ٹیسٹ سے پہلے کے ایل راہول بھی کلائی میں چوٹ کی وجہ سے مچ میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔ جسپریت بھمراہ کے زخمی ہونے کی وجہ سے محمد سراج بھارتی فاسٹ باولنگ اٹیک کی قیادت کریں گے جبکہ 15 جنوری سے شروع ہونے والے آخری ٹیسٹ میچ میں نودیپ سینی، شاردل ٹھاکر اور ٹی نتراجن ان کا ساتھ دیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here