دبئی :متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان امن کے نام پر باہمی تعلقات قائم کرنے کرنے کے بعد مزید پیشرفت سامنے آئی ہے اور دبئی کے النصر فٹ بال کلب نے پہلی بار ایک اسرائیلی فٹ بالر سے 2 سالہ معاہدہ کرلیا ہے۔ النصرفٹ بال کلب کسی بھی اسرائیلی فٹ بالر سے معاہدہ کرنے والا عرب دنیا کا پہلا فٹ بال کلب ہے۔
خبرساں ادارے اے ایف پی کے مطابق27 سالہ اسرائیلی عرب دیا صابیہ اس سے قبل ایک چینی کلب سے وابستہ تھے چینی کلب سے النصر میں آنے پر 29 لاکھ ڈالر سے زائد رقم خرچ کی گئی ہے۔
النصرکلب نے دیا صابیہ کی ایک ویڈیو بھی ٹوئٹ کی ہے جس میں وہ دبئی کے المختوم اسٹیڈیم میں پریکٹس کررہے ہیں۔خیال رہے کہ وہ ایک فلسطینی عرب مسلم ہیں جو کہ اسرائیل کے زیر تسلط علاقے میں پیدا ہوئے اور وہیں انہوں نے مقامی فٹبال کلبوں میں کھیلتے ہوئے بڑے اسرائیلی کلبز میں جگہ بنائی۔