نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں انجری کی وجہ سے باہر بیٹھنا تکلیف دہ تھا‘ بابراعظم

0
114

لاہور۔12جنوری  :قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لئے مکمل تیار ہیں‘ جنوبی افریقہ اچھی ٹیم ہے‘ اس کے خلاف کامیابی اہم ہوگی‘ مجھے اپنے باولرز پر پورا بھروسہ ہے‘ آئندہ سیریز میں اچھا پرفارم کریں گے‘ محمد عامر پرفارم کرکے ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔ منگل کو ٹریننگ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں انجری کی وجہ سے باہر بیٹھنا تکلیف دہ وقت تھا، انجری سے مکمل چھٹکارا حاصل کرکے پریکٹس شروع کردی ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لئے مکمل تیار ہوں۔ انہوں نے کہاکہ طویل عرصے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم کے دورہ پاکستان پر بہت خوشی ہے تاہم ہوم سیریز میں شائقین کی کمی محسوس ہوگی۔ بابر اعظم نے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران ٹیم کو میری ضرورت تھی مگر میں نہیں کھیل سکا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کریں گے‘ جنوبی افریقہ اچھی ٹیم ہے اس کے خلاف کامیابی اہم ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ابھی نئے چیف سلیکٹر سے ملاقات نہیں ہوئی‘ ٹیم کے حوالے سے حالات دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔ بابراعظم نے کہا کہ محمد حفیظ سینئر کھلاڑی ہیں ان سے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ سیریز کے لئے محمد حفیظ کو روکنے کے لئے کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔ بابر اعظم نے کہا کہ عبداللہ شفیق اور دیگر کھلاڑیوں میں بڑا کھلاڑی بننے کی صلاحیت موجود ہے۔ محمد عامر کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ محمد عامر کو خراب فارم کی وجہ سے ڈراپ کیا گیا‘ محمد عامر پرفارم کریں گے تو سلیکٹرز ضرور ان سے بات کریں گے۔ بابر اعظم نے کہا کہ ایک سیریز کی کارکردگی کی بنیاد پر تنقید کرنا اچھی چیز نہیں ہے‘ کارکردگی میں بہتری کے لئے مشکل وقت میں سپورٹ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے باولرز پر پورا بھروسہ ہے‘ آئندہ سیریز میں اچھا پرفارم کریں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here